اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ براثا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم اور عراق کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر حیدر العبادی کے دفتر کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ وزیر اعظم نے سکورٹی فورسیز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے مقصد سے دسیوں سینئر کمانڈروں کی معزولی اور ریٹائرمنٹ کا حکم جاری کیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق عراقی وزيراعظم نے فوج کے چھبیس کمانڈروں کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا ہے۔ وزیراعظم کے حکم کے مطابق دس فوجی کمانڈروں کو ریٹائرمنٹ دے دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ فوجی کمانڈر وزارت دفاع کے اہم عہدوں پرفائز تھے۔ عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر کے حکم سے وزارت دفاع میں مزید اٹھارہ افراد کو عہدہ دیا گیا ہے۔ بدھ کو جاری ہونے والے اس حکم کے مطابق، فوج کے سینئر کمانڈر بابکر زیباری، بغداد فوجی مہم کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل عبد الامیر الشمری اور فرات فوجی مہم کے کمانڈر جنرل عثمان الغانمی کو ریٹائرمنٹ دے دی گئی ہے یا معزول کر دیا گیا ہے۔ فوج کے کمانڈر بابکر زیباری کی جگہ بریگیڈیر جنرل خورشید رشید کو فوج کا سربراہ معین کیا گیا ہے جبکہ بغداد فوجی مہم کے سربراہ جنرل عبد الامیر الشمری، فرات فوجی مہم کے کمانڈر عثمان الغانمی اور وزارت دفاع کے ایک اہم عہدیدار جنرل ابراہیم اللامی کو معزول کر دیا گیا ہے۔ اس حکم کے مطابق جنرل علی غیدان کی جگہ بریگيڈیر جنرل ریاض القصیری کو بری فوج کا سربراہ بنایا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲